نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے منگل کے روز کہا کہ محرم کے بغیر سفر حج پر جانے والی خواتین اس برس کی منظور درخواستوں پر ہی 2021 میں حج پر جائیں گی۔ مختار نقوی نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ اس برس تقریباً 2200 محرم کے بٖغیر حج پر جانے والی خواتین کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ مرد درخواست دہندگان کی طرح ان خواتین کے بھی پیسے واپس کیے جائیں گے لیکن اس سال منظور درخواستوں کی بنیاد پر انہیں آئندہ برس حج پر جانے کی اجازت ہوگی۔ اگلے برس انہیں علیحدہ سے درخواست نہیں دینی ہوگی۔
مختار نقوی نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی اگلے برس بھی جو خواتین محرم کے بغیر سفر حج کے لئے درخواست دیں گی، ان سبھی کو بھی حج پر بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار ہندوستان سے لوگوں کو سفر حج پر نہیں بھیجا جائے گا۔
اس سے قبل مختار عباس نقوی نے کورونا وائرس وبا کے سبب سال 2020 میں ہندوستانی عازمین کو سفر حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کیے جانے سے متعلق مطلع کیا۔ انھوں نے صحافیوں سے کہا ’’کل رات سعودی عرب حکومت میں حج کے وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر کا فون آیا تھا۔ انہوں نے پوری دنیا میں کورونا وبا کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں حج 2020 کے لئے اس بار ہندوستانیوں کو سفر حج پر نہ بھیجنے کا مشورہ دیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار ہندوستانی عازمین کو سفر حج پر نہیں بھیجا جائے گا۔ اس برس حج پر جانے کے لئے منتخب سبھی دو لاکھ 13 ہزار لوگوں کے پیسے واپس کیے جائیں گے۔ ہندوستانی حج کمیٹی نے گزشتہ ایک سرکلر کے ذریعہ حج 2020 پر جانے کے لئے منتخب لوگوں سے کہا تھا کہ جو لوگ حج پر نہیں جانا چاہتے وہ اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں۔ مختار عباس نقوی نے اس سال محرم کے بغیر سفر حج پر جانے والی خواتین کے لیے خوشخبری سنائی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس سال کی ہی درخواست پر آئندہ سال یعنی 2021 میں حج پر جا سکیں گی۔