فوج عزا کا ایک سپاہی رخصت، عباس نواب کی رحلت پر صدر مرکزی انجمن نجف علی شوکت کا اظہار تعزیت

ہر مجلس میں محسوس ہوگی عباس نواب کی کمی، ماتمی حلقوں میں غم کی لہر

حیدرآباد، 31 مئی)پی ایم آئی) مرکزی انجمن ماتمی گروہان حیدرآباد تلنگانہ اسٹیٹ کے صدر سید نجف علی شوکت نے معروف عزادار، ممتاز نوحہ خواں اور گروہ شیدائے ابوالفضلؑ کے بانی و سابق صدر سید حقائق علی خاں عابدی المعروف عباس نواب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عباس نواب کی رحلت عزادارانِ امام حسینؑ، بالخصوص ماتمی برادری کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔

مرحوم نے اپنی پوری زندگی عزاداریِ سیدالشہداءؑ کے فروغ، ماتمی روایات کے تحفظ اور شعائرِ حسینیؑ کی ترویج کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔سید نجف علی شوکت نے کہا کہ مرحوم عباس نواب گروہ شیدائے ابوالفضلؑ کے بانی اور پہلے صدر تھے۔ انہوں نے نہ صرف تنظیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں بلکہ نوحہ خوانی، خصوصاً فارسی نوحہ خوانی میں بھی اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ ان کا مقبولِ عام نوحہ ’’اے خلفِ بوتراب، قوتِ بازوئے من‘‘ آج بھی عزاداروں کے دلوں میں زندہ ہے اور مجالسِ عزا میں عقیدت کے ساتھ پڑھا جاتا ہے۔

شوکت نے کہا کہ جب بھی عزاداریِ مظلومِ کربلاؑ اور خونی ماتم کی تاریخ کا تذکرہ ہوگا، عباس نواب کا نام احترام کے ساتھ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وہ ہمیشہ ثابت قدم رہے اور ہر موقع پر عزاداری کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل نظر آئے۔صدر مرکزی انجمن ماتمی گروہان نے مزید بتایا کہ مرحوم 2013ء سے 2020ء تک حقیقی مرکزی انجمن ماتمی گروہان کے نائب صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ اس دوران انہوں نے تنظیمی استحکام، عزائی سرگرمیوں کے فروغ اور ماتمی برادری کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمِ عزا کی آمد کے ساتھ ہی مرحوم کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔ ایک مخلص عزادار، باعمل ماتمدار اور منفرد طرز کے نوحہ خواں کی جدائی عزاداری کے حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔آخر میں سید نجف علی شوکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عباس نواب کو جوارِ معصومینؑ میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، گروہ شیدائے ابوالفضلؑ کے اراکین اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔(Pressmediaohindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں