وقف جائیداد تنازعہ: حیدرآباد کے وکیل کے قتل کی سازش میں 7 گرفتار، 15 لاکھ کی سپاری دینے کا انکشاف’ کمشنر سجنار

حیدرآباد، 29 مئی (پی ایم آئی): حیدرآباد پولیس نے معروف وکیل خواجہ معزالدین کے قتل کی سازش کے معاملہ میں مجاہد عالم خان، ان کے والد محبوب عالم خان سمیت سات ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ قتل وقف جائیدادوں کے تنازعہ اور انتظامی اختلافات کے سبب منصوبہ بند طریقہ سے انجام دیا گیا۔

حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالاک پیٹ اور لکڑی کا پل علاقوں میں واقع وقف جائیدادوں کے تعلق سے دونوں گروپوں کے درمیان کئی برسوں سے شدید تنازعات جاری تھے۔ ان معاملات پر سول، فوجداری اور وقف ٹریبونل میں متعدد مقدمات بھی زیر سماعت تھے۔

پولیس کے مطابق مجاہد عالم خان اور ان کے والد محبوب عالم خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر وکیل خواجہ معزالدین کو قتل کرنے کی سازش رچی اور اس کے لیے 15 لاکھ روپے کی سپاری دی گئی۔ اس سازش کو حسن علی عرف چاوش، منیر اور کشور عرف پپو کے ذریعہ عملی شکل دی گئی۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کشور عرف پپو نے بعد میں ونئے سے رابطہ کیا، جس نے ابھیجیت عرف نانی، وکرم عرف چنٹو اور منی دیپ عرف پوگو نانی کو قتل انجام دینے کے لیے شامل کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے کئی ماہ تک مقتول وکیل کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور 23 مئی کو حملہ انجام دیا۔

کمشنر سجنار نے بتایا کہ تکنیکی شواہد اور نگرانی کے ذریعہ پولیس نے کشور عرف پپو کا سراغ ہریانہ کے پانی پت میں لگایا، جہاں 27 مئی کو ایک خصوصی ٹیم نے اسے گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش اس نے مبینہ طور پر پوری سازش کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ملزمین کے نام ظاہر کیے۔

اس کے اعتراف اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے مجاہد عالم خان کو جوبلی ہلز میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا، جبکہ دیگر ملزمین کو حیدرآباد کے مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مجاہد عالم خان اس قتل کی سازش کا اصل منصوبہ ساز تھا، جس نے مبینہ طور پر سپاری قتل کا انتظام کیا، جبکہ محبوب عالم خان نے واردات کے بعد ملزمین کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ابھیجیت عرف نانی قتل کے وقت اسکارپیو گاڑی چلا رہا تھا، جبکہ ونئے نے قاتل ٹیم تیار کی، گاڑی کا انتظام کیا اور منصوبہ بندی و نگرانی میں اہم کردار ادا کیا۔ وکرم عرف چنٹو نے ملزمین کے درمیان رابطہ قائم کیا، جبکہ منی دیپ عرف پوگو نانی واردات کے دوران کشور کے ساتھ موجود تھا۔

پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والی اسکارپیو گاڑی، 10.10 لاکھ روپے نقد رقم اور کئی موبائل فون ضبط کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمین کی گرفتاری اور مزید شواہد اکٹھا کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

کمشنر سجنار نے مزید بتایا کہ مجاہد عالم خان اور محبوب عالم خان کے دیگر مقدمات، بشمول سابقہ قتل کی کوشش کے معاملات میں ملوث ہونے کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ قاتلوں کو دی گئی رقم کے ذرائع کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس تمام گرفتار ملزمین کو مزید پوچھ تاچھ کے لیے تحویل میں لے گی۔ ساتھ ہی خواجہ معزالدین کے خاندان کو دھمکیوں کے پیش نظر مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔

کمشنر نے واضح کیا کہ اس مقدمہ کی تحقیقات میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت یا دباؤ نہیں تھا اور حیدرآباد پولیس نے سائنسی بنیادوں پر مکمل تحقیقات انجام دے کر کیس کو حل کیا-.(Pressmediaofindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں