حیدرآباد۔ 6 ڈسمبر – ریاست تلنگانہ میں عام انتخابات کے پیش نظر پرانے شہر میں بھی سخت ترین سکیورٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں اور 4 ہزار سے زائد پولیس عملہ بشمول نیم فوجی دستوں کو متعین کیا جارہا ہے۔ جبکہ بوگس ووٹنگ کی روک تھام کیلئے بھی پولیس نے اپنی خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور اس میں ملوث ہونے والے افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون عنبر کشور جھا نے بتایا کہ پرانے شہر میں جملہ 1098 پولنگ اسٹیشنس ہیں جن میں 131 حساس اور 65 انتہائی حساس مراکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس پر سی آر پی ایف کے دستوں کو متعین کیا جارہا ہے اور رائے دہندوں کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی تاکہ بوگس ووٹنگ کی روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے ساؤتھ زون علاقہ میں پولیس کی جانب سے خصوصی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پر کوئیک ری ایکشن ٹیم اور اسپیشل پولیس پارٹی کو فوری حرکت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ زون علاقہ میں شفاف طریقے سے انتخابات کرانے کی غرض سے پولیس نے پہلی مرتبہ سی آر پی ایف کی مہیلا بٹالین کو بھی متعین کیا جارہا ہے تاکہ خواتین سے متعلق مسائل سے فی الفور نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ زون میں 1200 سے زائد افراد بشمول روڈی شیٹرس، ہسٹری شیٹرس کو پابند مچلکہ کیا جاچکا ہے اور رائے دہی کے دن بھی غیرسماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ مسٹر عنبر کشور جھا نے کہا کہ پرانے شہر کے تمام پولنگ اسٹیشنس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے تاکہ ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والے افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بوگس ووٹنگ میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے علاوہ آر پی ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بوگس ووٹرس کے علاوہ غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی چیک پوسٹس بھی قائم کئے گئے ہیں اور مسلح پولیس عہدیدار مشتبہ افراد کی تلاشی لیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاخوف اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
Check Also
BJP MP Eatala Rajender, assures AICB all help to solve disabled’s problems
Hyderabad, Jan.19 (PMI): Ponugoti Chokka Rao, Vice President, All India Confederation of the Blind, Delhi, attended the …